ڈاکٹر عدنان کے نسخوں سے نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کم ہوئے ، مشیر اطلاعات
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان انہیں خون پتلا کرنے کی ادویات دیتے رہے ہیں ،نواز شریف کو اللہ کی ذات پر اتنا یقین نہیں ہے جتنا انہیں ڈاکٹر عدنان کے نسخے پر ہے۔
آر وائی نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کیپٹن (ر)صفدر نے نواز شریف کی ہسپتال منتقلی کے موقع پر سیاست کرنے کی کوشش کی اور اشتعال انگیز تقاریر کیں ۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو پتہ ہوناچاہئے کہ وہ اب وزیر اعظم پاکستان کے داماد نہیں ہیں بلکہ ایک قیدی کے داماد ہے جواس ملک کو لوٹنے کے الزام میں قید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر اس ابہام سے نکل نہیں پارہے جب وہ اداروں کوانگلیوں پرنچایا کرتے تھے ۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان انہیں خون پتلا کرنے کی ادویات دیتے رہے ہیں ،نواز شریف کو اللہ کی ذات پر اتنا یقین نہیں ہے جتنا انہیں ڈاکٹر عدنان کے نسخے پر ہے، میں بھی ڈاکٹر ہوں اور جو ڈاکٹر سن رہے ہیں انہیں بھی پتا ہے کہ جب خون پتلا ہوتا ہے تو پلیٹ لیٹس کم ہوجاتے ہیں۔