سٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار، ڈالرکی قدرمیں 9پیسے کمی، سونا 300روپے تولہ مہنگا

سٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار، ڈالرکی قدرمیں 9پیسے کمی، سونا 300روپے تولہ ...

  



کراچی (اکنامک رپورٹر)سیاسی افق پر بے یقینی اور ملکی معاشی ناگفتہ بہ صورتحال کے سبب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں غیرمعمولی مندی سے کے ایس ای100 انڈیکس میں 785.42پوائنٹس کمی سے سرمایہ کاروں کے1کھرب27ارب41کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے۔تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ کا آغاز12پوائنٹس کے اضافے سے ہواتاہم سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت اور ملکی معاشی ناگفتہ بہ صورتحال کے باعث مقامی سرمایہ کارگروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی، جس کے نتیجے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس785.42پوائنٹس کمی سے33084.73پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طورپر351کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے25کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،313کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ13کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خریدمیں 9پیسے اور قیمت فروخت میں 15پیسے کی کمی جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں استحکام رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید155.97روپے سے گھٹ کر155.88روپے اورقیمت فروخت156.07روپے سے گھٹ کر155.92روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں استحکام رہا،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید155.70روپے اورقیمت فروخت156.20روپے پرمستحکم رہی۔علاوہ ازیں بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں ایک ڈالر اضافہ سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونا300روپے مہنگاہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت86900روپے سے بڑھ کر87200روپے اوردس گرام سونے کی قیمت74503روپے سے بڑھ کر74760روپے ہوگئی۔

سٹاک مارکیٹ/ڈالر/سونا

مزید : پشاورصفحہ آخر