امارات میں پاکستانی سکولوں کے مابین سائنس میلہ

امارات میں پاکستانی سکولوں کے مابین سائنس میلہ
امارات میں پاکستانی سکولوں کے مابین سائنس میلہ

  



دبئی(طاہر منیر طاہر) پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے آڈیٹو ریم میں پاکستانی سکول سائنس میلہ 2019منعقد ہوا جس میں امارات بھر میں قائم پاکستانی سکولوں کے بچوں نے حصہ لیا اور اپنی تخلیقات کے جوہر دکھائے۔ سائنس میلہ کا افتتاح شایل السعدی ، سی ای او ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ دبئی نے کیا۔

اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام، جنرل سیکرٹری سہیل اشرف، مسز ثمینہ ناصر ہیڈ آف ایجوکیشن کمیٹی اور نجم خواجہ کے علاوہ سکولوں کے اساتذہ، طلباءو طالبات، ان کے والدین اور پاکستانی کمیونٹی کے لوگ موجود تھے۔ بچوں کو اپنی تخلیقات کے جوہر دکھانے کے لئے پاکستانی ایسوسی ایشن کی طرف سے ایک اچھا پلیٹ فارم فراہم کیاگیا تھا تاکہ بچوں کو پوشیدہ صلاحیتیں کھل کر سامنے آسکیں اور وہ اپنے فن کے جوہر دکھا سکیں۔اس سائنس میلہ سے بہت سے طلباءوطالبات کو اپنی تخلیقات دکھانے اور ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملا۔

اس سائنس میلہ میں 15پاکستانی سکولوں نے حصہ لیا جنہیں مختلف موضوعات پر 30 پراجیکٹ دیے تھے جن پر طلباءوطالبات نے بطریق احسن کام کیا۔ اس موقع پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات بھی دیے گئے۔ججوں کے فیصلہ کے مطابق پہلا انعام انگلش لینگوئج سکول، دوسرا انعام پرسٹن پرائیویٹ سکول اور تیسرا انعام اسلامیہ انگلش سکول کو ملا جبکہ سٹی سکول کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔ جو نیئر سیکشن میں پہلا انعام کمیونٹی ویلفیئر سکول ابوظبی، دوسرا انعام عمر بن خطاب سکول عجمان جبکہ تیسرا انعام اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول الفجیرہ کو ملا۔ پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔

سائنس میلہ کے انعقاد سے بچوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملا ہے۔ مسز ثمینہ ناصر ہیڈ آف ایجوکیشن کمیٹی نے کہا کہ ہمارے بچے ہونہار ہیں اور گونا گوں صلاحیتوںکے حامل ہیں۔ انہوں نے بچوں کے والدین اور اساتذہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا کہ جنہوں نے بچوں کی بہترین تعلیمی ترتیب کی،سائنس میلہ کے انعقاد پر PAD انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔

مزید : عرب دنیا