اب آپ اپنے بال بینک میں محفوظ کرواسکتے ہیں تاکہ کبھی گنجے نہ ہوں، مردوں کے لئے شاندار سروس متعارف کروادی گئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) گنجا ہونا کسی بھی مرد کے لیے سب سے بھیانک خواب ہوتا ہے تاہم اب اس کا ایک توڑ نکال لیا گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق مانچسٹر میں ایک ایسا بینک قائم کر دیا گیا ہے جس میں مرد اپنے خلیوں سمیت بال جمع کروا سکتے ہیں تاکہ جب وہ گنجے ہو جائیں تو ان کے محفوظ کیے گئے خلیے دوبارہ ان کے سر میں انجیکٹ کر دیئے جائیں اور ان کے بال دوبارہ اگ آئیں۔
اس بینک میں بالوں کے خلیے محفوظ کروانے کی فیس 2500پاﺅنڈ (تقریباً 5لاکھ روپے) رکھی گئی ہے۔ کوئی گنجا آدمی اگر ہیئرٹرانسپلانٹ کروانے جائے تو اسے اوسطاً 7ہزار پاﺅنڈ (تقریباً14لاکھ روپے) خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ چنانچہ برطانیہ میں مردوں کے لیے یہ انتہائی شاندار سروس متعارف کروائی گئی ہے جس کے ذریعے وہ سستے داموں گنجا ہونے سے بچ سکتے ہیں۔ اس بینک میں 100کے لگ بھگ بال منفی 180ڈگری سینٹی گریڈ پر منجمد کرکے محفوظ کیے جاتے ہیں۔