نواز شریف کو ہسپتال لانے کی وجہ صر ف پلیٹ لیٹس کا معاملہ نہیں تھا ! عامر لیاقت حسین
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہاہے کہ نواز شریف کو ہسپتال لیکر آنا اس لئے ضروری تھا کہ یہ صرف پلیٹ لیٹس کا معاملہ نہیں تھا، وہ دل کے مریض بھی ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ کوئی کسی کے مرنے کاانتظار نہیں کرسکتا ، کسی کے انتظار کرنے سے کوئی مرتا ہے نہ جیتا ہے،اللہ تعالیٰ نے یہ اختیار ملک الموت کودیاہواہے،وہ اللہ تعالیٰ کی مرضی سے آتے ہیں اور جان لیکر چلے جاتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اگر پلیٹ لیٹس دوہزار رہ جائیں تومریض سے ملاقات نہیں کی جاسکتی اورایسے مریض کو 24گھنٹے تک کھاناتک نہیں کھلایا جاسکتا لیکن نواز شریف نے تو کھانا کھایاہے اوران کے بھائی شہباز شریف نے ان سے تین گھنٹے تک ملاقات کی ہے ۔
عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نواز شریف اورآصف زرداری کا سایہ ان کے کرپٹ بچوں پر سلامت رکھے،نواز شریف کو ہسپتال لیکر آنا اس لئے ضروری تھا کہ یہ صرف پلیٹ لیٹس کا معاملہ نہیں تھا، وہ دل کے مریض بھی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہاحکومت خندقیں کھود رہی ہے تو خندق کھودنا تو سنت ہے،کیا ہوا اگر خندقیں کھودی جارہی ہیں ، خندقیں کھودنا تو اچھی بات ہے ۔