حکومت ہمارا کام خود کررہی ہے ، مولاناعبد الغفور حیدری نے نشاندہی کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) جے یو آئی ف کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ ہمارا پرامن احتجاج ہے اور ہم ضرور آئیں گے، اگر حکومت نے حماقت کی تو پھر ان کی عقلمندی کو داد دینی چاہئے کہ کہا ہمیں جارہا تھا کہ ہم لاک ڈاﺅن کیلئے آرہے ہیں لیکن خود حکومت کی جانب سے خندقیں کھودی جارہی ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ نواز شریف نے تمام مشکلات کا جرات سے مقابلہ کیا ہے اورجیل میں جرات کے ساتھ رہے ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ موجودہ صورتحال میں نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنا شرمناک اور افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بھی مرد آہن ہیں اوران کی جانب سے ماضی میں بھی بڑی بہادری سے جیلیں کاٹی گئی ہیں۔
مولانا عبد الغفورحیدر ی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو امریکہ جاکر بھی پریشانی تھی کہ نواز شریف کو کمرے میں اے سی ملا ہواہے اور ان کی جانب سے للکارا گیا کہ میں جاکر اے سی اتروا دوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مہنگائی سے عوام کی بری حالت ہے ، تاجر ، ڈاکٹر اوراساتذہ سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پرامن احتجاج ہے اور ہم ضرور آئیں گے، اگر حکومت نے حماقت کی تو پھر ان کی عقلمندی کو داد دینی چاہئے کہ کہا ہمیں جارہا تھا کہ ہم لاک ڈاﺅن کیلئے آرہے ہیں لیکن خود حکومت کی جانب سے خندقیں کھودی جارہی ہیں اور کنٹینرز رکھے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوکام ہم نے کرنے تھے ، و ہ حکومت کررہی ہے ۔