نیب کا سروسز ہسپتال میں نواز شریف کی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ

نیب کا سروسز ہسپتال میں نواز شریف کی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ
نیب کا سروسز ہسپتال میں نواز شریف کی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) نیب نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وی وی آئی پی وارڈ روم نمبر ون کی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق نیب لاہور نے سابق وزیرا عظم نوازشریف کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری ہوم کو مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں سابق وزیراعظم کی سروسز ہسپتال کے وی وی آئی پی وارڈ روم نمبرون کی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔مراسلے میں نیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف ان دنوں جسمانی ریمانڈ پر ہمارے پاس ہیں، گذشتہ شب طبعیت خراب ہونے پر انہیں سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، ہسپتال اور اس کے وارڈ کے داخلی اور خارجی راستے پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، وارڈ کے استقبالیہ اور کمرے کے باہر کیمرے لگائے جائیں اور سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر نواز شریف کی مکمل طور پر سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے۔

واضح رہے کہ گذشتہ شب طبیعت خراب ہونے پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ،نواز شریف کی ناسازی طبع کی خبر نشر ہوتے ہی مسلم لیگی ورکرز بڑی تعداد میں ہسپتال کے باہر جمع ہیں جبکہ ن لیگ کی قیادت بھی نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے تسلسل کے ساتھ ہسپتال آ رہی ہے جبکہ میڈیا ورکرز کی بہت بڑی تعداد بھی ہسپتال کے باہر ڈی ایس این جیز گاڑیوں کے ہمراہ موجود ہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور