”کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں یہ کام ہوا تو کارروائی ہو گی “ وزیرداخلہ بلوچستان نے اپوزیشن کو خبردار کردیا
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیااللہ لانگو نے کہا ہے کہ عوام اپوزیشن کی منفی سیاست سے تنگ آچکے ہیں،اگرکوئٹہ جلسے میں اداروں کےخلاف بات کی گئی تو کارروائی کی جائے گی، اس جلسے کے حوالے سے بھی سیکیورٹی تھریٹ بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے میں اتنے لوگ نہیں آئیں گے تاہم گیارہ جماعتیں ہیں کچھ نہ کچھ لوگ تو آئیں گے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا صوبے میں بہت قربانیوں کے بعد امن آیا ہے، اب عوام اور ادارے ایک پیج پر ہیں، اپوزیشن جماعتیں عوام اور اداروں کی قربت میں خلل نہ ڈالیں ۔ضیالانگو نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، حکومتیں اس طرح کے جلسوں سے نہیں گرتیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جلسے جلوس جمہوری عمل ہے، ہم اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، جلسہ میں کسی کی شرکت روکنے کے لیے کنٹینرز نہیں لگائیں گے۔صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ بلوچستان دہشتگردی کا شکار رہاہے، اب بھی دہشت گردی کے کچھ واقعات ہوئے ہیں۔