ملکہ برطانیہ کی طبیعت ناساز ، رات ہسپتال میں گزاری
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن ) ملکہ برطانیہ نے طبیعت ناساز ہونے پر شمالی آئرلینڈ کا دورہ منسوخ کرتے ہوئے بدھ کی رات ہسپتال میں گزاری ۔
انگریزی جریدے دی سن کے مطابق شاہی ڈاکٹروں نے 95سالہ ملکہ برطانیہ کو بدھ کی سہ پہر ان کے معالجین نے ماہرین سے معائنہ کرانے کیلئے لندن بھیجا جہاں ملکہ نے رات ہسپتال میں گزاری جس کے بعد ملکہ کو ڈسچارج کر دیا گیا ، بیکنگھم پیلس کے مطابق ہسپتال کے قیام کے بعد ملکہ کی طبیعت بہت بہتر ہے ۔
جریدے کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ ملکہ کے طبی نگرانوں نے احتیاطی طور پر انہیں روز میریلیبون کے کنگ ایڈورڈ ہسپتال میں داخل کرایا اور یہ گزشتہ 8 سال میں پہلا واقع ہے کہ ملکہ کو رات ہسپتال میں قیام کرنا پڑا ہو ، کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے سرکاری ریڈ باکسز کو پڑھ رہی ہیں اور توقع کی جاتی ہے کہ آئندہ ہفتے تک مکمل صحتیاب ہو جائیں گی ۔
دوسری جانب محل کے مطابق ملکہ نے ڈاکٹرز کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کےبعد کچھ روز طبی معائنے کیلئے ہسپتال کا دورہ کیا ، اور رات گزارنے کے بعد اگلے روز دوپہر کے کھانے کے وقت تک واپس محل پہنچ گئیں ، ان کی صحت اچھی ہے ۔