انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، سٹاک مارکیٹ میں بھی ہلچل مچ گئی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی گزشتہ کئی روز سے اونچی اڑان جاری ہے اور روپے کی قدرمسلسل گراوٹ کا شکار ہے جس پر پاکستانیوں کو مہنگائی کی صورت میں بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے ، اس کے اثرات روزمرہ کے استعمال کی اشیاءپر واضح دکھائی دے رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز کے کچھ دیر کے بعد ڈالرکی قیمت میں 34 پیسے اضافہ ہواہے جس کے بعد ڈالر 174 روپے کی سطح عبور کرتے ہوئے 174.30 روپے پر پہنچ گیاہے ۔ گزشتہ ساڑھے پانچ ماہ میں ڈالرکی قیمت میں 22 روپے اضافہ دیکھا گیاہے، سات مئی 2021 کو ڈالر 152.28 روپے پر تھا ۔ گزشتہ روز ڈالر کاروبار کے اختتام پر 173.96 روپے پر بند ہو ا تھا ۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں بھی ہلچل مچی ہوئی ہے اور شدید گراوٹ کے باعث کاروباری افراد پریشان دکھائی دے رہے ہیں ، کاروبار شروع ہوا تو 100 انڈیکس 45 ہزار 821 پوائنٹس پر تھا ، شیئرز کے لین دین کے آغاز کے کچھ دیر میں مارکیٹ نے گرنا شروع کر دیا اور اب تک اس میں 419 پوائنٹس کی کمی ہو چکی ہے جس کے بعد انڈیکس 45 ہزار 402 پوائنٹس پر آ گئی ہے ۔