کالعدم جماعت کے احتجاج کا اندیشہ، کئی سڑکیں اور میٹرو بس سروس بند، بعض علاقوں میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل

کالعدم جماعت کے احتجاج کا اندیشہ، کئی سڑکیں اور میٹرو بس سروس بند، بعض ...
کالعدم جماعت کے احتجاج کا اندیشہ، کئی سڑکیں اور میٹرو بس سروس بند، بعض علاقوں میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ، کئی جگہ پر سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کردی گئیں تو کئی مقامات پر ٹریفک کے دبائو کی وجہ سے سڑکیں جام ہیں، ادھر میٹرو بس سروس بھی بند کردی گئی ،وزارت داخلہ نے گزشتہ روز پی ٹی اے کو خط لکھ کر لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔

لاہور میں آج ملتان روڈ، گرینڈ بیٹری  سٹاپ، اقبال ٹاؤن، نواں کوٹ، سمن آباد اور سبزہ زار میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے، ملتان روڈ پر سمن آباد موڑ کے قریب اورگرڈ  سٹیشن سٹاپ پر کنٹینرز لگادیے گئے ہیں جب کہ علامہ اقبال ٹاؤن میں  بلیوارڈ پر بھی دبئی چوک میں بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔شہر کے داخلی وخارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے جس کی وجہ سے  دیگر علاقوں کے مکین شہریوں اور مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر راولپنڈی میں بھی  متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر،سکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے ہیں اور متعدد راستے بند ہیں، راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بند کردی گئی ہے جو صدر سے فیض آباد تک بند رہے گی، انتظامیہ کا کہنا ہےکہ آئی جے پی روڈ سے سیکرٹریٹ تک میٹرو بس چلے گی۔

انتظامیہ نے اندرون شہر راولپنڈی کے بیشتر راستے بند کردیے ہیں جن میں سکستھ روڈ پر کنٹینرز لگا کر فیض آباد کی طرف جانے والا راستہ بند کردیا گیا جب کہ فیض آباد اوجڑی کیمپ کی روڈ کو بند کرکے سیل کر دیا گیا ہے۔مری روڈ پر جگہ جگہ کنٹینر کھڑے کرنے کے باعث متعدد ایمبولینسز پھنس گئیں جس کےباعث بے نظیر اسپتال سے پمز شفٹ ہونے والے مریضو ں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔