" حکومت نے مہنگائی کے خاتمے اور ذخیروں اندوزوں کے خلاف کمر کس لی ،عوام اپوزیشن کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے"

" حکومت نے مہنگائی کے خاتمے اور ذخیروں اندوزوں کے خلاف کمر کس لی ،عوام ...

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)آزاد کشمیر کے صدر اور ریاست کے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مہنگائی کے خاتمے اور ذخیروں اندوزوں کے خلاف کمر کس لی ہے،عوام اطمنان رکھیں جلد ہی ملک بھر میں پیدا کی جانے والی مصنوعی مہنگائی پر قابو پا لیا جائے گا ،اپوزیشن جتنا مرضی رونا پیٹنا کرلے، عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے،عشرہ رحمت اللعالمینﷺ منانے کے دور رس نتائج حاصل ہونگے،راولاکوٹ ٹریفک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ  ہے،شہید ہونے والے مسافروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ کرپٹ اپوزیشن کو ملک وقوم کے مسائل سے نہیں صرف اپنی چوری کے کیسزسے سروکار ہے،  وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ترجیح دی، نوازشریف اور زرداری کو صرف اپنی چوری بچانے کی فکر پڑی ہوئی ہے،دونوں خاندانوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اب دونوں کی نسلیں اقتدار کی حوس میں اندھی ہو چکی ہیں مگر عوام ان کی کسی چال میں نہیں آئیں گے، تحریک انصاف عوام کی طاقت سے کرپٹ ٹولے کا پیچھانہیں چھوڑے گی اور نہ ہی ان کا این آر او ملنے خواب پورا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ  ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا ٹوپی ڈرامہ احتجاج بُری طرح ناکام ہو چکا،عوام کرپٹ اپوزیشن کی اصلیت اچھی طرح جانتے ہیں،عوام نے اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کو پہلے کی طرح مسترد کردیا ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ اپنی لوٹ مار کاحساب دیں،غریب عوام کے مسائل پی ٹی آئی کی حکومت حل کرے گی، پاکستانی قوم پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے سیاہ دور حکومت کو اچھی طرح پہچان چکی ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پاس عوام کی بہتری کے لئے کوئی ٹھوس پلان نہیں، انہیں صرف چوری اور ہیراپھیری کا تجربہ ہے

آزاد کشمیر کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ  نبی کریم ﷺ کی سیرت کو اپنا کر ہی ہر امتی کامیابی حاصل کرسکتا، حضور پاکﷺ کی حیات طیبہ کو ہر پہلومیں تمام جہانوں کے لئے خیرپنہاں ہے،نبی کریم ﷺ کی عظمت انسانی سوچ سے بالاتر ہے، آپ ﷺ کی خوشنودی اور رضا کا حقیقی راستہ آپﷺ کی تعلیمات پر عمل پیراء ہونے میں ہے، محسن کائناتﷺ نہ آتے تو اللہ تعالیٰ کوئی چیز پیدا نہ کرتا،نبی کریمﷺ کا پیغام عام کرنے کے لئے معاشرے میں عدل قائم  کرنا ہوگا، نوجوان نسل کو آپ ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کروانا ہوگا، امت مسلمہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیراہوکر ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی وکامرانی حاصل کرسکتی ہے۔

سردار تنویر الیاس خان نےراولاکوٹ ٹریفک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  حادثے میں معصوم بچوں کی شہادت پر دل بہت دُکھی اور غمگین ہے،دکھ کی اس گھڑی میں میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں،اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرماۓ اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرماۓ۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -