’ عمران خان قوم کے مجرم ، مہنگائی کا آسیب پاکستان میں خوش حالی کو نگل چکا ‘

’ عمران خان قوم کے مجرم ، مہنگائی کا آسیب پاکستان میں خوش حالی کو نگل چکا ‘
’ عمران خان قوم کے مجرم ، مہنگائی کا آسیب پاکستان میں خوش حالی کو نگل چکا ‘

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ضلع مہند اور ضلع ملیر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کرکے جیالوں نے عوام کے احساسات کی ترجمانی کی ہے ، مہنگائی کا آسیب پاکستان میں خوش حالی کو نگل چکا ہے،عمران خان قوم کے مجرم ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں بلاو ل بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں پیپلز پارٹی کی تنظیم کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد ایک خوش آئند عمل ہے،پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی )کی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی بدولت آج عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پِس رہا ہے،پاکستان پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیاں ہی عام آدمی کی زندگی میں بہتری لاسکتی ہیں۔

اس سےقبل صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو ،صوبائی وزیر برائے محکمہ جنگلات تیمور تالپور اور پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی سیکرٹری اطلاعات اوررکن سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید نے بلاول بھٹو زرداری سے کراچی میں الگ الگ ملاقات کی اور اپنے محکموں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔بلاول بھٹو زرداری نےجام اکرام اللہ دھاریجو کی صوبے میں صنعتی ترقی کے لئے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں سندھ میں صنعتی زونز کو بہتر انفراسٹرکچر فراہم کرنے اور سندھ کےتمام اضلاع میں انڈسٹریل زون قائم کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کے قیام سے صوبے میں روزگار کے مزید مواقع میسر آئیں گے اور صوبے میں خوشحالی ہوگی۔جام اکرام اللہ دھاریجو نےبتایاکہ سندھ کےصنعتی زونز میں ایک ارب روپےسےزائدلاگت سےترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور منصوبوں کی تکمیل سے صنعتی زون میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی گی۔

ملاقات کے دوران صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی دونوں رہنماو ں میں تبادلہ خیال ہوا۔بلاول بھٹو زرداری نےجام اکرام اللہ دھاریجو کو بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاریاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔جام اکرام اللہ دھاریجو نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو یقین دلایا کہ انشااللہ بلدیاتی انتخابات میں  پیپلز پارٹی بھرپور اکثریت سےسرخروہو گی۔

مزید :

قومی -علاقائی -سندھ -کراچی -