چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آئندہ ہفتے کراچی رجسٹری میں کن مقدمات کی سماعت کرے گا ؟تفصیلات آ گئیں

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آئندہ ہفتے کراچی رجسٹری میں کن مقدمات ...
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آئندہ ہفتے کراچی رجسٹری میں کن مقدمات کی سماعت کرے گا ؟تفصیلات آ گئیں

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آئندہ ہفتے کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کریگا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس قاضی محمد امین احمد شامل ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو کراچی میگا تجاوزات کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے، بینچ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ عمل درآمد کیس کی بھی سماعت کرے گا، اس حوالے سے وزیراعلی سندھ، چیف سیکرٹری، کمشنر کراچی، چیئرمین پی آئی اے، تمام کنٹونمنٹ بورڈز کے چیف ایگزیکٹو افسران،ڈائریکٹرجنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)، ڈائریکٹرجنرل کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی، چیئرمین آباد، ڈائریکٹرجنرل سول ایوی ایشن، ڈائریکٹرجنرل ایم ڈی اے آئی جی سندھ، مینیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ، ملٹری سٹیٹ آفس، میونسپل کمشنر کراچی، سیکرٹری ریلوے، سیکرٹری سول ایوی ایشن، وفاقی سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔

 چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں بینچ کے روبرو کراچی کے 35 ہزار رفاعی پلاٹوں، گجر نالہ تجاوزات کیس، غیر قانونی شادی ہالز، پارکوں پر قبضوں کے کیسز، جیکٹ آباد کے رفاعی پلاٹوں اور سرکاری اراضی پر قبضہ سے متعلق سماعت ہوگی۔ اس کے علاوہ الہ دین پارک، کراچی کے 35 ہزار رفاعی پلاٹوں سے متعلق بھی سماعت ہوئی۔ تین رکنی بینچ کے روبرو کڈنی ہل پارک، کشمیر روڑ پر تجاوزات، کے ڈی اے کلب تجاوزات کیس اور کراچی سرکلر ریلوے بحالی کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ 

چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ ریلوے اراضی پر قبضے، لارجر بینچ ڈی ایچ اے رہائشیوں کو پانی کی قلت، سندھی مسلم سوسائٹی تجاوزات، کراچی میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیرات، حیات ریزیڈنسی، کراچی جم خانہ، رہائشی پلاٹوں پر کمرشل سرگرمیوں کیخلاف کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کیئے گئے ہیں۔ تین رکنی بینچ چائنہ کٹنگ کیس کی بھی سماعت کرے گا۔

 چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ سپریم کورٹ لارجر بینچ کراچی سرکلر ریلوے پیش رفت رپورٹ کا جائزہ لے گا۔ سپریم کورٹ نے گجر نالہ تجاوزات میں متاثرین کو متبادل جگہ دینے، وزیراعلی سندھ کو ابتدائی پلان پیش کرنے اور الہ دین پارک بحالی کا حکم دے رکھا ہے۔ سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی سے پیش رفت رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ عدالت نے رفاعی پلاٹوں پر قبضے سے متعلق  ڈائریکٹرجنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -