ارطغرل غا زی کے بعد پاکستان اور ترکی نے مل کر کونسا نیا ڈرامہ بنانے کا اعلان کر دیا ؟ معاہدہ طے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ترکی کی ڈرامہ و فلم پروڈکشن کمپنیوں نے سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ٹی وی سیریز بنانے کا اعلان کر دیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق پاکستان اور ترکی کی پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان یہ مشترکہ ڈرامہ سیریز بنانے کا معاہدہ 20اگست کو سربیا میں طے پایا گیا۔ معاہدے کے وقت پاکستانی اداکار عدنان صدیقی بھی موجود تھے، جنہوں نے بعد ازاں سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانیوں کو اس پاک ترک ڈرامہ سیریز کے متعلق آگاہ کیا۔
عدنان صدیقی نے اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا کہ ”ترکی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہم نے دوست کے ایک نئے باب کا آغاز کر دیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ دوستی کا یہ نیا باب خیالات اور صلاحیتوں کے تبادلے کا باعث بنے گا۔یہ پراجیکٹ ہماری انڈسٹریز اور ہمارے ناظرین کی کامیابی ہے جو مستقبل میں اچھا مواد دیکھنے کے منتظر ہیں۔ ہم نے ایک عظیم جنگجو بادشاہ صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ایک شاندار سیریز بنانے کے لیے اشتراک قائم کیا ہے۔ آپ بھی ہماری خوشی میں شریک ہوں۔“
وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھی گزشتہ دنوں پاک ترک پروڈکشن کمپنیوں کی اس مشترکہ کاوش کو سراہا گیا ہے۔ فلم ساز شہزاد نواز اور ترک پروڈیوسر ایمرے کونوک کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ”صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والی یہ ڈرامہ سیریز نوجوانوں کو اس عظیم ہیرو کے تاریخی کردار سے روشناس کرائے گی۔ یہی وہ وقت ہے کہ ہمیں معمول کے موضوعات سے ہٹ کر تاریخی ڈرامے اور فلمیں بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ سے روشناس کراسکیں۔“