سمال ٹریڈرز اینڈ جنرل سٹور ایسوسی ایشن کی قائد اعظم گروپ میں شمولیت
لاہور(سٹی رپورٹر) سمال ٹریڈرز اینڈ جنرل سٹور ایسوسی ایشن لاہور نے انجمن تاجران لاہور قائد اعظم گروپ میں شمولیت اختیار کر لی۔ پیٹرن انچیف انجمن تاجران لاہور عمران بشیر، سینئر نائب صدر ناصر احمد انصاری کی خصوصی شرکت۔ سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ملتان روڈ پر تقریب منعقد کی گئی۔ جس کی صدارت میاں محمد زاہد چیئرمین سمال ٹریڈرز اینڈ جنرل سٹور ایسوسی ایشن لاہور نے کی۔سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے انجمن تاجران لاہور قائد اعظم گروپ کے مرکزی قائدین کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور شانہ بشانہ انجمن تاجران کے ساتھ چلنے کا اعلان کیا۔ عمران بشیر اور ناصر احمد انصاری نے کہا کہ لاہور کی مارکیٹوں و بازاروں کے تاجروں کا انجمن تاجران لاہور پر اعتماد خوش آئند ہے، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں گے۔ انجمن تاجران لاہور قائد اعظم گروپ ہی واحد حقیقی تاجر نمائندوں پر مشتمل جماعت ہے۔