مریم اورنگزیب سے ترکیہ فلمی صنعت کے وفد کی ملاقات، شوبزمیں تعاون پر اتفاق
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ترکیہ کی فلمی صنعت کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان ڈرامہ اور فلم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ پر اتفاق کیا گیا جبکہ پاکستانی فلموں کی نمائش کیلئے ترکیہ میں فلمی میلے میں پاکستان کے شرکت کرنے کا اعلان کیا گیا،آئندہ ہفتے ترکیہ میں فلمی میلے کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس ہوگا جس میں تاریخ کا تعین ہوگا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاکستان میں تیار ہونے والی تین نئی فلمیں فیسٹیول میں پیش کی جا سکتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لئے فزیبلٹی تیار کی جائے گی،ملاقات میں پاکستان میں جدید ترین فلم پروسیسنگ لیب کے قیام پر بھی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں ترکیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی نصاب میں فلم سازی اور اداکاری کے مضامین شامل کرنے پر بھی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ترکیہ کے فلمی صنعت کے وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ترکیہ میں قائم ہالینڈ، ترکی، فرانس کی بہترین کمپنیاں فلم پروسیسنگ لیب میں تکنیکی معاونت فراہم کر سکتی ہیں۔
مریم اورنگزیب