وزیر اعظم سے چیئرمین سینیٹ،وزیراعلیٰ سندھ،چینی وفد کی ملاقاتیں
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کچھ طاقت کے بھوکے سیاست دان نوجوانوں کو اپنے متعصبانہ ایجنڈے کا شکار بناتے ہیں، ایسا کرنا بدقسمتی کی بات ہے۔ٹوئٹر بیان میں انہوں نے کہا کہ قومیں اپنی طاقت ان نوجوانوں سے حاصل کرتی ہیں جو اپنے سفر کو طاقت دیتے ہیں اور اپنے مستقبل کو متحرک کرتے ہیں، نوجوانوں کی ترقی میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔پنجاب میں ہم نے نوجوانوں کیلئے مختلف اقدامات شروع کیے جن کا مقصد انہیں بااختیار بنانا ہے، ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں کو کاروباری مواقعوں کیلئے سہولت فراہم کرنا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت سیلاب متاثرین کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلی سندھ نے وزیر اعظم کو صوبے میں سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی۔ انہوں نے سیلاب زدگان کی مدد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے کیے وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلی سندھ نے کراچی سرکولر ریلوے (KCR) کی تعمیر اور تھر کول مائین کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے پر بھی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب شہباز شریف سے آل پاکستان چائنیز انٹرپرائز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے صدر جیانڈوینگ کی صدارت میں ملاقات کی، وفد کی جانب سے پی ایم فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے ایک لاکھ چار ہزار ڈالرز کا چیک پیش کیا گیا۔مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی ملاقات کی اور پی ایم فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے سینیٹ کی طرف سے 17.95ملین روپے کا چیک پیش کیا۔چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دو دو ماہ کی تنخواہ جبکہ سینیٹ سیکرٹریٹ ملازمین نے اپنی تین دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کیلئے عطیہ کی ہے۔
شہباز شریف ملاقاتیں