عمران خان نااہلی،مسلم لیگ (ن) کا جشن

عمران خان نااہلی،مسلم لیگ (ن) کا جشن

  

 لاہور/شیخوپور(این این آئی)الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کی خوشی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مختلف مقامات پر جشن منایا گیا، شیخوپورہ میں وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کی سربراہی میں اظہار تشکر ریلی نکالی گئی، کھوکھر پیلس میں بھرپور جشن منایا گیا اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، مسلم لیگ (ن) کے دفاتر میں بھی کارکنان نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی۔ تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نا اہلی کے فیصلے کی خوشی میں مسلم لیگ (ن) نے کئی مقامات پر جشن منایا۔ شیخوپورہ میں وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کی قیادت میں اظہار تشکر ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان آج رسوا ہو کر نکلا ہے،نواز شریف کو کہنے والا رسیدیں نکالو، اس سے آٹھ سال تک الیکشن کمیشن رسیدیں مانگتا رہا لیکن رسیدیں نہ دے سکا۔ صادق اور امین صرف انبیاء کرام یا اولیاء کرام ہو سکتے ہیں مگر عمران خان کو عدالتی صادق اور امین کہا گیا۔ آج کہتا ہے کہ میری گندی ویڈیوز آ رہی ہیں، کوئی پوچھے تیرے کردار کے حوالے سے پاکستان تو کیا دنیا کا کوئی بندہ ایسا نہیں جو واقف نہ ہو، تیری گندی ویڈیو بنانے کی ضرورت کیا ہے۔ کہتا تھاکہ میں نا اہل ہوا تو ہمالیہ روئے گا، آج تو کوئی رونے والا نظر نہیں آرہا، آج تو پنجاب حکومت اور خیبر پختوانخواہ حکومت کی سرپرستی میں سرکاری گاڑیاں چوکوں چوراہوں میں کھڑی کر کے شاہراہیں بند کی گئیں،کہیں پچاس کہیں ساٹھ لوگ نکلے۔ انہوں نے کہا کہ بہت دیر کر دی مہربان انصاف کرتے کرتے، جو کہا جاتا ہے کہ انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، انصاف پہلے نظر آ جاتا تو پاکستان کی یہ حالت نہ ہوتی، سنو آج ایک بات کہہ رہا ہوں یہ بد کرداری بد عہدی کا دور آج ختم ہو گیا۔ اس کے بعد کوئی لفنگا، کوئی مشٹنڈا پاکستانی قوم کے جذبات سے کھیلنے کی جرات نہیں کر ے گا۔ گھڑیاں چرانے والااس گھڑی کو یاد کرے اگر اگر گھڑیاں نہ چراتے تو یہ گھڑی نہ آتی۔ اگر اس وقت پیرنی کے جادوپر مان نہ کرتے تو آج قوم نوافل ادا نہ کرتی۔ کوچ کی سہولت کاری کے باوجود آج تم دنیا کو منہ دکھانے کے قابل نہیں، کوچ سہولت کاری سے ہٹے گا تو پھر کیا حال ہوگا۔عمران خان کی نا اہلی کی خوشی میں کھوکھر پیلس میں بھی جشن منایا گیا۔ملک سیف کھوکھراورملک فیصل کھوکھر نے  کارکنوں کے ہمراہ جشن منایا۔ اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اورگھڑ ڈانس بھی دکھایا گیا،کارکنان نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور مٹھائی کھلائی ۔ رکن پنجاب اسمبلی کنول لیاقت کی جانب سے بھی عمران خان کی نا اہلی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی،خواتین کارکنان ڈھول کی تھاپ پر نعرے بازی کر کے خوشی کا اظہار کرتی رہیں۔

جشن 

مزید :

صفحہ اول -