یونیور سٹی آف ایجوکیشن کی 20ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب

یونیور سٹی آف ایجوکیشن کی 20ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب

  

لاہور (پ ر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کی بیسویں سالگرہ کے حوالے سے گزشتہ روز مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ جامعہ کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا میگا ایونٹ تھا، جس میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے ایلومینائی اکٹھے ہوئے اور جنرل باڈی الیکشن کا انعقاد بھی کیا گیا اور بعدازاں منتخب باڈی کی تقریب حلف برداری ہوئی۔ جامعہ کی خصوصی کتاب ”عظمت رفتہ کے 20 سال؛ اساتذہ کی تعلیم کے 142برسوں کی میراث“ کی رونمائی بھی کی گئی۔ جامعہ کی بیسویں سالگرہ کے حوالے سے  تقریبات کے مہمان خصوصی سابق گورنر پنجاب و یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے پہلے چانسلر لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول اور سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود مہمانِ اعزاز تھے جبکہ صدارت یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے بارے میں کہا کہ اپنے ہاتھوں سے لگائے اس پودے کو آج ایک تناور درخت بنتے دیکھ کر انتہائی مسرت ہو رہی ہے۔ سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے 20 سال کے انتہائی مختصر عرصہ میں تعلیم و تحقیق کے شعبہ میں جو کارہائے نمایاں سرانجام دیئے، وہ انتہائی قابل ستائش ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے پنجاب بھر میں پھیلے 9 کیمپسز، 4 ڈویڑنز اور 65 الحاق شدہ کالجز ہزاروں طلبہ و طالبات میں کو علم کی روشنی سے منور کرنے کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -