نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنے پر 8540افراد کا چالان
پشاور (سٹی رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنے پر گزشتہ ماہ 8540 افراد کا چالان کیا۔ تفصیلات کے مطابق *چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت* کی خصوصی ہدایت پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز رحیم حسین کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گزشتہ ماہ شہر بھر میں نو پارکنگ زون میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جس کے تحت سینکڑوں گاڑیوں کو فورک لفٹر کے ذریعے اٹھا کر ٹرمینل میں بند کردیا جبکہ سینکڑوں گاڑیوں کے مالکان کو موقع پر چالان کیا گیا جن سے جرمانوں کی مد میں ہزاروں روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کردیئے گئے۔واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے 1120 موٹر سائیکل مالکان کیخلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز رحیم حسین نے کہا ہے کہ شہری نو پارکنگ زونز میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس اقدام سے ٹریفک جام ہوتا ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور لوگوں کا قیمتی وقت ضائع ہونے سمیت اکثر اوقات رش میں ایمبولینسز پھنس جاتی ہیں جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری محب وطن اور مہذب شہری بننے کا ثبوت دیتے ہوئے ٹریفک قوانین پر مکمل طور پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور غلط پارکنگ اور نو پارکنگ زونز میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کرکے ٹریفک نظام میں بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔