چارسدہ ضمنی انتخابات، ووٹوں کی تصدیق کیلئے درخواست جمع 

چارسدہ ضمنی انتخابات، ووٹوں کی تصدیق کیلئے درخواست جمع 

  

      پشاور (سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے این اے 24 چارسدہ کے ضمنی انتخاب میں پول شدہ ووٹوں کی تصدیق کیلئے درخواست جمع کرا دی۔ درخواست امیدوار این اے 24 چارسدہ و صوبائی صدر ایمل ولی خان کی جانب سے ڈی آر او چارسدہ کے پاس جمع کرائی گئی۔ درخوست میں ضمنی انتخاب اور مرتب نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ این اے 24 چارسدہ کے ضمنی انتخاب میں پول ہونے والے تمام ووٹوں کی تصدیق کی جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کی رات لیکڈ کالز کا سامنے آنا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی اور صوبائی حکومت نے انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ بنایا تھا۔ لیکڈ کالز کو میڈیا پر ہائی لائٹ بھی کیا لیکن اس کے باوجود الیکشن کمیشن دھاندلی کو روکنے میں کامیاب نہ ہوا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عام طور پر الیکشنز میں ہم نے ایل ایچ ویز یا دیگر سرکاری ملازمین کو الیکشن عملے کے طور پر نہیں دیکھا لیکن صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی نے من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے فی میل پولنگ سٹیشنز میں اساتذہ کی بجائے ایل ایچ ویز اور ایل ایچ ڈبلیوز کی ڈیوٹیاں لگوائی جسکی بدولت الیکشن عملہ پی ٹی آئی کے ایجنٹس سے زیادہ عمران خان کیلئے متحرک تھا۔ صوبائی صدر ایمل ولی خان کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈی آر او این اے 24 چارسدہ نے بھی مکمل ریزلٹ مرتب کرتے وقت نتائج میں ٹیمپرنگ کی ہے۔پولنگ سٹیشن نمبر 230 میں عمران احمد خان نیازی نے فارم 45 کے مطابق 109 ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ مکمل ریزلٹ میں اسکے ووٹ 1090 گنے گئے ہیں۔ مختلف پولنگ سٹیشنز کے فارم 45 اور مکمل ریزلٹ میں تفریق سامنے آئی ہے، اور اسی ٹیمپرنگ کی بدولت مکمل نتائج پر ٹھیک ٹھاک فرق پڑا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ الیکشن کو مکمل طور پر مینیج کیا گیا ہے اور خواتین کے پولنگ سٹیشنز پر بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے۔ درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مذکورہ حلقے کو کھولنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام پول شدہ ووٹوں کی تصدیق کی جائے تاکہ اپنے آپ کو دھاندلی اور کرپشن کا مخالف کہنے والے عمران نیازی کی اصلیت دنیا پر آشکارہ ہو۔

مزید :

صفحہ اول -