سیلاب متاثرین نقصانات، ازالہ کیلئے اقدامات کر ہے ہیں: فیصل امین 

سیلاب متاثرین نقصانات، ازالہ کیلئے اقدامات کر ہے ہیں: فیصل امین 

  

       پشاور(سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی فیصل امین گنڈہ پور نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے اور بحالی کی سرگرمیوں کیلئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سیلاب متاثرین کیلئے ابتدائی طور پر ریسکیو سرگرمیا ں سرانجام دی گئیں تاکہ نقصانا ت کو کم سے کم سطح تک محدود رکھا جا سکے جس کے بعد سڑکوں اور شاہراؤں سمیت انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے گئے تاکہ نہ صرف لوگوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے بلکہ ریسکیو اور دور درازعلاقوں تک راشن پہنچا نے کے عمل میں بھی تیزی لائی جا سکے۔ اسی طرح تمام متاثرہ علاقوں اور شیلٹرہومز میں محکمہ صحت و دیگر اداروں کی جانب سے فری میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے تاکہ متاثرین کو قریب تر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کے سربراہ برائے ایمرجنسیز چیران جیوا اور ناوریجن ریڈ کراس کے ہیڈ آف انٹرنیشنل پروگرامز روتھینگ جیکب کے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پرکمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، پاکستان ریڈ کریسنٹ ڈیرہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پاکستان ریڈ کریسنٹ ڈیرہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی، موبائل میڈیکل کیمپس،کووڈ ویکسنیشن اور حکومتی اداروں کی معاونت کے بارے میں مختلف پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حالیہ سیلا ب ایک آفت کی مانند رہا جس کے دوران انتظامیہ، ریسکیو1122، پولیس، محکمہ صحت، لائیو سٹاک، الغرض تمام متعلقہ محکموں نے تندہی کا مظاہرہ کیا جبکہ لوگوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت بھائی چارے اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جو کہ انتہائی قابل تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے گئے۔ اسی طرح لوگوں کو صحت سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کیلئے بھی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی فیصل امین گنڈہ پور اور کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق نے معزز مہمانوں کو سوینیئر بھی پیش کیا۔پاکستان ریڈ کریسنٹ کے صوبائی اور وفاقی ہیڈ کوارٹرز کے اعلیٰ افسران نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کے ساتھ مل کر انسانیت کی خدمت کا اعادہ کیا۔

مزید :

صفحہ اول -