پہلی پاکستان جونیئر لیگ,بہاولپور رائلز نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا

پہلی پاکستان جونیئر لیگ,بہاولپور رائلز نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا
پہلی پاکستان جونیئر لیگ,بہاولپور رائلز نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان جونیئر لیگ ( پی جے ایل) کے پہلے ایڈیشن کا ٹائٹل بہاولپور رائلز نے اپنے نام کرلیا ہے ، رائلز نے گوادر شارکس کو 86 رنز کے بڑے مارجن سے مات  دے  کر ٹرافی اپنے نام کی ۔

نجی ٹی وی "24 نیوز "کے مطابق لاہور قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں  گوادر شارکس نے ٹاس جیت کر بہاولپور رائلز کو بیٹنگ کی دعوت دی ،بہاولپور رائلز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹر شاہ ویز عرفان نے ابتدا میں شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا سکور تیزی سے بڑھایاوہ 79 رنز کی اننگزکھیل کر آؤٹ ہوئے، 

اس کے علاوہ  باسط علی نے 35 رنز بنائے، پھر طیب عارف اور خروٹے نے بھی عمدہ بیٹنگ کی ،طیب عارف نے 56 رنز اسکور کیے ،خروٹے 47رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

226 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں گوادر شارکس کے کپتان شامل حسین نے جارحانہ انداز اپنایا، وہ جب تک کریز پر رہے ٹیم کے جیتنے کی اُمیدیں بھی برقرار رہیں مگر اُن کے آؤٹ ہوتے ہی بیٹر ایک، ایک کر کے واپس پویلین جانے لگے۔

شامل حسین نے67 رنز بنائے،گوادر شارکس کی پوری ٹیم16 ویں اوور میں 139 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں بہاولپور نے 86 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی پاکستان جونیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

مزید :

کھیل -