عمران خان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا کی درخواست پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ عمران خان کے خلاف مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا ہے جس میں اقدام قتل سمیت پانچ دفعات شامل کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ محسن شاہنواز رانجھا نے اپنی درخواست میں لکھا کہ ”میں رکن قومی اسمبلی اور توشہ خانہ کیس میں مدعی ہوں۔ اس کیس میں فیصلہ عمران خان کے خلاف آیا، جس کے بعد میں الیکشن کمیشن سے باہر نکلا تو تحریک انصاف کے اراکین نے میری گاڑی پر حملہ کر دیا اور مجھے باہر نکالنے کی کوشش میں گاڑی کے شیشے توڑ ڈالے۔ مجھ پر یہ قاتلانہ حملہ عمران خان کے ایماءپر کیا گیا۔ “