اسرائیل کا بیروت کے سرکاری ہسپتال پر حملہ، شہیدہونے والوں کی تعداد 13 ہوگئی ،57 افرادزخمی

Oct 22, 2024 | 03:56 PM


بیروت (ڈیلی پاکستان آن لائن )لبنان کے دارالحکومت بیروت کے سرکاری ہسپتال کے قریب اسرائیل کی تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 13 افراد شہید اور 57 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیروت کے مرکز سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع لبنان کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال حریری کے قریب اسرائیلی حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 57 زخمی ہوگئے۔
لبنان کی وزارت صحت نے گزشتہ رات جنوبی بیروت کے ایک ہسپتال کے قریب اسرائیلی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر فضائی حملے میں 4 افراد شہید ہوئے تھے جن کی تعداد بڑھ کر اب 13 ہوگئی ہے جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیروت میں رفیق حریری یونیورسٹی ہسپتال کے قریب ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
بیان میں اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ حزب اللہ کے ان ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں پر ہتھیار ذخیرہ کئے گئے تھے جبکہ تنظیم کے کمانڈ سینٹرز اور ایک بنکر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جس میں لاکھوں ڈالر کیش اور بڑی مقدار میں سونا موجود تھا۔

مزیدخبریں