سردی کی دستک، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کردی

Oct 22, 2024 | 09:11 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگرعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بدھ کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری،گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔صوبہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، سوات، کوہستان، دیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، مردان، کوہاٹ، ہنگو، کرم، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے, کشمیر اور  گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں