صوبائی خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان کا راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کا اچانک دورہ

Oct 22, 2024 | 10:32 PM

راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )صوبائی خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور انسداد ہراساں  اقدامات کے حوالے سے جائزہ لیا۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ سے کوڈ آف کنڈکٹ برائے انسداد ہراساں کے حوالے سے دریافت کیا۔وائس چانسلر نے انسداد ہراساں کمیٹی کے حوالے سے صوبائی خاتون محتسب پنجاب کو آگاہ کیا۔ صوبائی خاتون محتسب پنجاب نے انسداد ہراساں کے حوالے سے مختلف جگہوں پر بینرز آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج خواتین کو ان کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ خواتین کو اپنے حقوق سے آگاہی حاصل ہو گی تو وہ اپنا تحفظ خود کر لیں گی۔تعلیمی اداروں میں کوڈ آف کنڈکٹ برائے انسداد ہراساں کے حوالے سے مختلف جگہوں پر بینرز آویزاں کیے جائیں۔

صوبائی خاتون محتسب پنجاب نے کہا کہ خواتین کا تحفظ اولین ترجیح ہے ، کسی کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گھریلو ،ورکنگ خواتین ہوں یا طالبات، تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں