دھرنوں کے باعث ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا :محسن شیخانی

دھرنوں کے باعث ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا :محسن شیخانی

اسلام آباد(اے پی پی)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) کے چیئرمین محسن شیخانی نے کہا ہے کہ دھرنوں سے پیدا ہونیوالی حالیہ سیاسی صورتحال کی وجہ سے تعمیرات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کار ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ جس کی وجہ سے شعبہ کی بحالی و ترقی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو اس صورتحال سے بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے اور اس وقت احتجاجی سیاست اور دھرنوں کی وجہ سے ملک میں اقتصادی سرگرمیاں جامد ہو چکی ہیں اور مقامی وغیر ملکی سرمایہ کار اس انتظار میں ہیں کہ غیر یقینی صورتحال کا جلد از جلد خاتمہ ہو تو وہ سرمایہ کاری کے حوالے سے کوئی فیصلہ کریں۔ محسن شیخانی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ، سنگاپور ، چین اور ترکی کی تعمیرانتی کمپنیاں ملک میں سرمایہ کاری پر گہری دلچسپی رکھتی ہیں لیکن موجودہ سیاسی صورتحال کی وجہ سے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ، سنگا پور اور ترکی کے مقابلہ میں متحدہ عرب امارات کی کمپنیاں پاکستان کے تعمیراتی شعبہ میں کہیں زیادہ سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں لیکن دھرنوں کی وجہ سے اس پر عمل درآمد میں تاخیر ہو رہی ہے ۔

مزید : کامرس