کاشتکاروں کو سونف کی کاشت اکتوبر سے شروع کر نے کی ہدایت
راولپنڈی (اے پی پی )زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ سونف کی کاشت پاکستان بھر میں ہوتی ہے۔ یہ جھاڑی نما تین سے ساڑھے چار فٹ اونچا سدا بہار پودا ہے لیکن اس کی کاشت دوسری عام فصلوں کی طرح ہر سال کی جاتی ہے۔ سونف کو مختلف بیماریوں کے علاج میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ آنکھوں کی بینائی کو قائم رکھتی ہے، کمر درد، درد پہلو اور درد پشت کے لئے بھی بہت مفید ہے۔
سونف کے بیجوں کا رس دمہ اور برونکاٹس جیسی سانس کی بیماریوں میں بہت فائدہ مند ہے۔ سونف کے بیج مختلف عطریات بنانے میں استعمال ہوتے ہیں جبکہ اس کا تیل کھانے میں استعمال ہوتا ہے۔ماہرین نے کاشتکاروں کو سونف کی کاشت اکتوبر سے وسط نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ سونف کی کاشت کے لئے زرخیز چکنی مٹی والی زمین کا انتخاب کریں۔ سیلابہ زمینوں میں بغیر پانی کے بھی یہ فصل اچھی کاشت دیتی ہے۔
(tca/mik/mrn 1134:14)