جنگ جیتنے کے لیے داعش کے زیرقبضہ علاقوں کی سرحدوں کو بندکرناہوگا،جان کیری

جنگ جیتنے کے لیے داعش کے زیرقبضہ علاقوں کی سرحدوں کو بندکرناہوگا،جان کیری

  


واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کو جنگ میں شکست دینے کے لیے اس کے زیرقبضہ علاقوں کی سرحدوں کی بندش ضروری ہے۔انھوں نے یہ بات امریکی ٹی وی سے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی ،جان کیری نے کہا کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں سے اہم ضمانتیں حاصل کر لی ہیں۔ان میں سرحدوں پر غیر ملکی جنگجوؤں کی آمد روکنے ،انھیں تربیت ،امداد اور مالی وسائل مہیا کرنے سے متعلق ضمانتیں شامل ہیں۔جان کیری نے کرد سکیورٹی فورسز البیش المرکہ کی داعش کے خلاف جنگ میں کردار کو سرا ہا اور کہا کہ بغداد اور عراق میں دوسروں کو مجموعی طور پر البیش المرکہ کا موصل ڈیم کا کنٹرول واپس لینے پر شکر گزار ہونا چاہیے اور انھوں نے ہی داعش کی کردستان کے علاقائی دارالحکومت اربیل کی جانب پیش قدمی بھی روک دی تھی۔جان کیری نے اوباما انتظامیہ کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ شام میں گذشتہ ساڑھے تین سال سے جاری خانہ جنگی کا حل فوجی کے بجائے سیاسی ہونا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں شام میں جاری بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہے،اس کا کوئی ایسا سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا جس سے اقلیتوں سمیت تمام کے مفادات کا تحفظ ہوسکے۔

مزید :

عالمی منظر -