حج کی آمد، جبل النور کی صفائی کیلئے خصوصی ٹیم قائم

حج کی آمد، جبل النور کی صفائی کیلئے خصوصی ٹیم قائم

  

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی حکومت نے حج کے موقع پر ملک کے تمام اہم مقدس مقامات میں عازمین حج کی حفاظت اور ان کی بہبود کیلئے ضروری اقدامات کیے ہیں وہیں جبل النور غار حراکی صفائی کا خاص طور پر اہتمام کیا گیا ہے۔دنیا بھر سے حج اور عمرہ کی ادائی کی غرض سے حجاز مقدس آنیوالے فرزندان توحید جبل النور کی زیارت اپنے لئے باعث اعزاز سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جبل النور اور غار حرا کے گرد و پیش زائرین کا ہر وقت ہجوم رہتا ہے۔ زائرین کی تعداد میں اضافے سے صحت وصفائی کے مسائل جنم لیتے ہیں لیکن مکہ مکرمہ کی شہری انتظامیہ نے مقدس جگہ کو پاک وصاف رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق مقدس مقامات کی سروسز کے نگراں ادارے کے سیکرٹری جنرل انجینئر عبدالسلام بن سلیمان مشاط نے میڈیا کو بتایا کہ جبل النور اور دیگر اہم مقامات کی صفائی کیلئے پہلے سے دوگنا انتظامات کیے گئے ہیں۔ صفائی کے متعلقہ عملے کو طہارت کو یقینی بنانے اور ماحول کو ہر قسم کی آلودگی سے بچانے کیلئے الیکٹرک آلات اور مشینیں بھی مہیا کی گئی ہیں۔ خاکروب اور دیگر اہلکار نہ صرف اہم مقامات پر صفائی میں مصروف رہتے ہیں بلکہ چھوٹی سڑکوں اور پکڈنڈیوں کی صفائی کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج کے موسم میں جدید سہولیات سے آراستہ 8500افراد پر مشتمل صفائی کا عملہ چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر مصروف عمل ہے۔

ڈائریکٹر جنرل برائے نظافت انجینیر محمد بن عبدالرحمان المورقی نے کہا کہ جبل النور کی صفائی کو یقینی بنانے کیلئے دستی جھاڑو کیساتھ صفائی کیلئے الیکٹرک مشینیں بھی مہیا کی گئی ہیں۔ کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے مکمل انتظامات موجود ہیں۔ جبل النور میں مختلف مقامات پر رکھے گئے کوڑا دان روزمرہ کی بنیاد پر خالی کئے جاتے ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -