صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے اتوار بازاروں کا دورہ کیا،صارفین کی مشکلات دریافت کیں

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے اتوار بازاروں کا دورہ کیا،صارفین کی مشکلات ...

  

لاہور (وقائع نگار)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے گزشتہ روزشہر کے مختلف اتوار بازاروں کا دورہ کیا اور حکومت پنجاب کی طرف سے عام آدمی کو سستی اور معیاری اشیاءمناسب قیمت پر فراہم کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اتوار بازاروں میں موجود لوگوں سے ان کی مشکلات بارے دریافت کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ عام آدمی کو ان اتوار بازاروں میں بہترین سہولیات فراہم کریں اور قیمتوں کے جائزے کے لئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر سٹال پر ریٹ لسٹ آویزاں ہو۔اتوار بازار میں ٹماٹر کی عدم دستیابی پر انہوں نے انتظامیہ کی سرزنش کی اور ڈی سی او لاہور کو ہدایت کی کہ شہر بھر کے اتواربازاروں میں ٹماٹر کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس موقع پر انتظامی افسروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی ہر گز برداشت نہیںکی جائے گی اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے پرائس مجسٹریٹوں کو ہدایت کی کہ وہ خود شہر بھر کے بازاروں کا دورہ کریں اور ا س بات کو یقینی بنائیں کہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر اشیاءخوردونوش فروخت ہورہی ہیں۔ اس طرح ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے تاکہ ان ناجائزمنافع خوروں کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔صوبائی وزیرخوراک نے اس موقع پر واضح کیا کہ عام آدمی کی خوشحالی اور عوام کو ان کی بنیادی حقوق کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لئے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم دن رات کوشاں ہے۔

بلال یاسین

مزید :

صفحہ آخر -