چینی صدر کے دورے کی منسوخی پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے، اجمل قادری

چینی صدر کے دورے کی منسوخی پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے، اجمل قادری

  

لاہور(سٹاف رپورٹر)میعت علماءاسلام پاکستان (س) کے مرکزی سرپرست اعلیٰ اور عالمی انجمن خدام الدین کے مرکزی امیرمولانا میاں محمد اجمل قادری نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی موجودہ صورتحال ہر محب وطن پاکستانی کیلئے پریشان کن ہے ۔ حکومت اور سیاسی قوتوں کے درمیان مخاصمت اور عدم برداشت نے پوری قوم کو بے چینی اور بے یقینی کی کیفیت سے دو چار کر دیا ہے۔ وزیر اعظم کے مستفیٰ ہونے اور اداروںکی مداخلت جیسی افواہوں نے ملکی معیشت کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے ۔ اسلام آباد میں احتجاجی دھرنوں اور مارچ کی سیاست کی وجہ سے چینی صدر کے دورے کی منسوخی اور بھارت کے ساتھ چین کے اقتصادی معاہدے پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی انجمن خدام الدین کے دو روزہ مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے اختتام پر”مرکز خدام الدین“ شیرانوالہ گیٹ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر صاحبزادہ مولانا احمد علی ثانی ، صاحبزادہ حافظ عمیر عبدالھادی، مولانا محمد عباس عابدی ، مولانا محمد یار اور نثار احمد خان ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ مولانا اجمل قادری نے کہا کہ ”اسلام کے نام پر لاکھوں مسلمانوں کی جان و مال اور عزتوں کی قربانی دیکر حاصل کئے گئے ملک میں عمران خان کے ”میوزک انقلاب“ اور طاہر القادری کے دین کے نا م پر” سیکولر انقلاب“ کی کوئی گنجائش نہیں یہ شہداءپاکستان کے خون اور نظریہ پاکستان سے غداری کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے غیر ملکی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں دینی مدارس کو ختم کر کے سیکولر سکول اور تعلیمی ادارے بنانے عزائم سے دینی و مذہبی حلقوں میں شدید اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور عالمی قوتیں عراق میں تیل اور دیگر وسائل پر قبضہ کر کے اُس سرمائے کو پوری دنیا میں شیعہ سنی اختلافات و تضادات کو ہو ا دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور واحد ایٹمی اسلامی ملک پاکستان کو بھی شیعہ سنی تضادات کی طرف دھیکیلنے کی سازش کی جا رہی ہے جو کہ اسلام آباد میں موجود ہ مارچ اور دھرنوں سے زیادہ خطرناک ہے ۔ اس سازش کے پس ِ پشت ”لندن پلان“ کی طرح ”فلوجہ پلان “موجود ہے ۔

اجمل قادری

مزید :

صفحہ آخر -