کرچی سے تمام مافیا ختم کر دونگا :عمران خان

کرچی سے تمام مافیا ختم کر دونگا :عمران خان

  

                                            کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو ایک کرنے کراچی آئے ہیں، پوری قوم جاگ گئی ہے، اس قوم پر اب کوئی ظلم نہیں کر سکتا، کراچی کے بعد لاہور والے بھی تیاری کر لیں، میں لاہور بھی آ رہا ہوں، قوم نے فیصلہ کر لیا ہے اس لئے نواز شریف! آپ کو جانا ہی ہو گا، نئے پاکستان میں انصاف کا نظام ہو گا، سندھیوں نے بہت ظلم سہہ لیا اب عمران خان آ گیا ہے۔مزار قائدپر تحریک انصاف کے دھرنے سے خطاب میں کہا کہ وہ اللہ کا شکر اداکرتے ہیںکہ اس نے قوم کوجگا دیا ہے، 18سال کی سیاست ایک طرف ہے اور پچھلے 40دن کی سیاست ایک طرف ہے، ان 40دنوں میں سب لوگ جاگ گئے ہیں، آج سب لوگ نیا پاکستان بنتا دیکھنا چاہتے ہیں، آپ سب مجھ سے وعدہ کرنا ہے کہ آئندہ کبھی ظلم برداشت نہیں کرنا، ظلم کے آگے سر نہیں جھکانا، وہ سب زبانیں بولنے والوں کو ایک قوم بنانے اور غلامی کی زنجیریں توڑنے آیا ہوں، ہمیں تقسیم کرکے ظالم خود اکٹھے ہیں اور ہم پر حکمران ہیں، کراچی کے بعد لاہور والے بھی تیاری کرلیں، میں لاہور بھی آ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ! آپ کوجا نا ہو گا، جب تک نواز شریف استعفا نہیں دیں گے یہ تحریک نہیں رکے گا،ہمارا حق ہے کہ شفاف الیکشن کے ذریعے اپنی حکومت کو منتخب کریں نہ کہ دھاندلی کے ذریعے، لیکن بدقسمتی سے 1970ءکے علاوہ آج تک ہونے والے تمام انتخابات میں دھاندلی ہوتی آئی ہے لیکن کسی کو بھی اس جرم میں پکڑا نہیں گیا، اب وقت آ گیا ہے کہ لیڈر دھاندلی نہیں ووٹ سے منتخب ہواور ایک ایسا پاکستان بن جائے جس میں باہر سے آنے کے لئے لوگ درخواستیں دیں۔ تحریک انصاف قوم کو ایک کرے گی۔ کپتان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہماری خواتین کے بارے میں جو زبان استعمال کی اس پر قوم انہیں معاف نہیں کرے گی اور نواز شریف کو بھی اب جانا ہی ہو گا، کوئی طاقت انہیں نہیں بچا سکتی، امریکہ یا سعودی عرب کوئی طاقت انہیں نہیں بچا سکتی، انہوں نے 30سال میں بہت باریاں لے لی ہیں، اب آپ کا وقت ختم ہونے جا رہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم انشاءاللہ ایک نیا پاکستان بنائیں گے،ہم سب سے زیادہ اہمیت تعلیم کو دیں گے، استاد کا رتبہ سب سے بلند ہو گا،پولیس کو سیاست سے پاک کریں گے اور عدلیہ میں تنخواہیں بڑھائیں گے تاکہ کوئی ججوں کو خرید کر انصاف نہ خرید سکے، اس ملک میں جنگل کا قانون ہے، ہم یہاں قانون کی اصل حکمرانی قائم کریں گے اور سزا اور جزاءکا قانون نافذ کریں گے،مظلوم طبقے پر ظلم ختم کروائیں گے، میں نے دنیا میں کہیں انسانوں پر اتنا ظلم نہیں دیکھا جتنا ظلم اندرون سندھ بیچارے ہاریوں پر کیا جاتا ہے، آپ سب لوگ بھی ہاتھ اٹھا کر مجھ سے وعدہ کریں کہ میرا ساتھ دیں گے۔خیبر پختونخوامیں تحریک انصاف کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب صوبوں میں سے سب سے زیادہ بجٹ ہم نے خیبر پختونخوا میں تعلیم کے لئے مختص کیا ہے، ہم نے کے پی K میں پولیس کو سیاست سے پاک کر دیا ہے، ان کی تعیناتی میرٹ پر ہوتی ہے ، ہم پولیس میں گلو بٹ نہیں پال رہے، کراچی میں امن کے لئے بھی ایسی پولیس لے کر آئیں گے، لوگوں کو ان کا قتدار واپس دینے کے لئے بلدیاتی نظام نافد کریں گے، ہم عوام کو اقتدار اور پیسہ دے کر ان ممبران قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی سے آزاد کر دیں گے، خیبر پختونخواہ میں مثالی بلدیاتی نظام قائم کریں گے۔ عمران خان نےکہا میں اس نظام کے خلاف کھڑا ہو چکا ہوں، میں ان کا مقابلہ صرف اس صورت میں کر سکتا ہوں کہ یہ قوم میرا ساتھ دے، میں ان کو ان کے حقوق لے کر دوں گا، صرف یہ قوم میرا ساتھ دے، میرے ساتھ اٹھ کھڑی ہو اور آئیں ایک نیا پاکستان بنائیں، ہم آپ کے خواب پورے کریں گا، سندھ میں استادوں کو 3 ماہ سے تنخواہیں نہیں مل رہیں نئے پاکستان میں ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھیوں سے بھٹو کا نام استعمال کر کے ووٹ لئے جاتے رہے ہیں اور جھوٹے وعدوں کے سواانہیں کچھ نہیں دیا گیا، اب عمران خان آپ کے پاس آ رہا ہے، تحریک انصاف وڈیروں کی جماعت نہیں ہے جو آپ پر ظلم کرتے ہیں، اس پارٹی میں انتخابا ت ہوتے ہیں، میرے بیٹے میرے بعد سیاسی وارث نہیں بنیں گے بلکہ جو بھی انتخاب جیتے گا وہی پارٹی کا سربراہ بنے گا، کراچی بھی ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے حکومت کا ہاتھ ہے ہم ان مافیاز کو بے نقاب کر کے دکھائیں گے۔انہوں شرکاءکو مخاطب کر کے کہا کہ ہم پر الزام لگایا جاتا ہے کہ ہم فوج کے اشارے پر احتجاج کر رہے ہیں تو میں آپ سے پوچھتا ہوں کیا آپ کسی کے اشارے پر باہر نکلے ہیں، آپ کو اپنے حقوق کے لئے نکلنا ہے اور آئندہ سے کسی وی آئی پی کے لئے سڑکیں بند نہیں ہونے دینی۔ اس موقع پر آتش بازی کا بھی بھرپور مظاہر کیا گیا جسے دیکھ کر عمران خان کا کنا تھا کہ مجھے تو لگ رہا ہے کہ نواز شریف نے استعفا دے دیا ہے۔اے این این کے مطابق عمران خان نے کہا کہ سندھ کے عوام سے ہمیشہ جھوٹے وعدے کئے گئے اور بھٹو کے نام پر ووٹ لئے جاتے رہے اب سندھ کے عوام تیار ہوجائیںعمران خان آپ کے پاس آرہا ہے۔ ہم غیرجانبدار پولیس سے لیاری گینگ وارز کو ختم کریں گے۔ ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ مہینوں میں ہوگا۔ حکومت کی مدد کے بغیر ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوسکتی۔ ہمیں ملک کو آزاد کروانا ہے لگتا ہے آج کراچی آزاد ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کریں گے۔ جو وی آئی پی سڑک بلاک کرےاسے گاڑی سے اتار دیں کسی کو الیکشن میں دھاندلی نہ کرنے دیں۔ مجھے نیا پاکستان نظر آرہا ہے عنقریب اسے عظیم ملک بناکر دکھائیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -