پنجاب حکومت کا سیلاب متاثرہ علاقوں کے نوجوانوں کو مقامی طور پر روز گار فراہم کرنیکا فیصلہ

پنجاب حکومت کا سیلاب متاثرہ علاقوں کے نوجوانوں کو مقامی طور پر روز گار فراہم ...

  

لاہور (پ ر)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے نوجوانوں کو مقامی طورپر روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کیاہے اور اس مقصد کے لئے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بحالی کے کاموں میں مقامی نوجوانوں کو شامل کر کے باعزت روزگار فراہم کیا جائے گاتاکہ ناصرف مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں بلکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کافریضہ بھی پورا کرسکیں۔وہ یہاں کابینہ کمیٹی برائے سیلاب اور کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے ضلع حافظ آباد میں امدادی اوربحالی کے کاموں کا جائزہ لیا اورضروری ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کو نقصانات کے معاوضے کی ادائیگی کی پہلی قسط اسی ماہ کے آخر تک دی جائے گی اوراس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ گھروں ،فصلوں اورمویشیوں کے نقصان کیلئے سروے کاتھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا، سروے مکمل طورپر شفاف اورمستند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام امور کی نگرانی کیلئے صوبائی سطح پر مانٹیرنگ کمیٹی دے دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں ابھی تک پانی کھڑا ہے وہاں پر 30ستمبر تک پانی کا اخراج یقینی بنایا جائے ۔ سیکرٹری آبپاشی اورسیکرٹری زراعت پانی کے اخراج کے حوالے سے ایکشن پلان پر عملدر آمدکو یقینی بنائیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں سلٹ کودور کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ30ستمبر تک آبپاشی کا تمام نظام پوری طرح بحال ہوجانا چاہیے۔پنجاب کے تمام سیلاب زدہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے کام کو اگلے 7 روز میں مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مدراینڈ چائلڈ کےئر پر خصوصی توجہ دی جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ سڑکوں ،سکولوں،صحت کے مراکز اوردیگرسہولتوں کی جلد سے جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے۔منتخب نمائندے اور انتظامیہ محنت اورلگن سے کام کریں ۔انہو ں نے کہاکہ مجھے صرف نتائج چاہئیں،مصیبت زدہ بھائیوں کی خدمت کرنے والے ہی عہدوں پر رہنے کے حقدار ہیں۔غلط اعدادوشماردینے والے افسروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلع کی سطح پر ویب سائٹ کے اجرا کے حوالے سے تمام اضلاع کو علم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ رکھا جائے ۔کہیں غفلت کی شکایت ملی توسخت ایکشن لوں گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ ،سبزیوں اورپھلوں کی مناسب داموں فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کابینہ کمیٹی اشیاء کی وافر فراہمی اورقیمتوں میں استحکام کیلئے اپنی ذمہ داریاں فعال طریقے سے سرانجام دے۔ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محکمہ آبپاشی نے 6نہروں کو بحال کردیا ہے،باقی نہریں بھی جلد بحال کردی جائے گی۔اجلاس میں سابق ڈی جی پی ڈی ایم اے ظہیر عباس کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔صوبائی وزراء شجاع خانزادہ،مجتبیٰ شجاع الرحمن،بلال یاسین،مشیر خواجہ سلمان رفیق،ترجمان حکومت پنجاب زعیم حسین قادری،ایم پی اے عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری، سینئرممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ حکام نے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ،کمشنر گوجرانوالہ، ڈی سی او حافظ آباد اور دیگر متعلقہ حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزید :

صفحہ اول -