نواز شریف جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے کل رات روانہ ہونگے،ایک روز لندن میں قیام کرینگے

نواز شریف جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے کل رات روانہ ہونگے،ایک روز ...

 اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پیر اور منگل کی درمیانی رات لندن روانہ ہونگے‘ وزیراعظم لندن میں ایک روزہ قیام کے بعد نیویارک روانہ ہونگے‘ وہ لندن میں قیام کے دوران اپنا طبی معائنہ بھی کروائیں گے‘ بیگم کلثوم نواز شریف جو کہ پہلے ہی اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ لندن پہنچ چکی ہیں وہ لندن سے وزیراعظم کے ہمراہ نیویارک جائیں گے‘ وزیراعظم کے وفد میں ذاتی ملازمین بھی شامل ہیں۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی، ایڈیشنل سیکرٹری فواد حسن فوادکے علاوہ وزیراعظم اور بیگم کلثوم نواز شریف کے ذاتی ملازمین بھی ہمراہ جانے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف 26 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے‘ وزیراعظم نواز شریف امریکی نائب صدر اور جاپانی وزیراعظم سے بھی اس دوران ملاقات کرینگے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 69 ویں اجلاس میں شرکت کے موقع پر وہ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کرینگے ۔ اس اجلاس کی ان کے ساتھ امریکی نائب صدر جوزف بائیڈن اور جاپانی وزیراعظم بھی صدارت کریں گے۔ اس اجلاس میں توانائی کے متبادل ذرائع کے استعمال اور اقوام متحدہ کے امن مشنوں سے متعلقہ امور سمیت دوطرفہ تنازعات پر بھی بات چیت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق نیویارک میں ڈنمارک‘ ناروے اور پاکستان کے وزرائے اعظم کا سہ فریقی اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ وزیراعظم کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت پر ہونے والے اخراجات کے حوالے سے رپورٹس کے مطابق چار روزہ اخراجات کیلئے 4کروڑ روپے کے علاوہ دیگر اخراجات کےلئے رقم فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کا قیام نیویارک کے سب سے مہنگے ترین ہوٹل میں ہوگا۔

مزید : صفحہ اول