پرویز خٹک کا شرکت سے انکار،مشترکہ مفاداتی کونسل کا اجلاس تیسری بار ملتوی

پرویز خٹک کا شرکت سے انکار،مشترکہ مفاداتی کونسل کا اجلاس تیسری بار ملتوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (آئی این پی) خیبرپختونخواہ کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ناراضگی وفاقی حکومت کےلئے شدید پریشانی کا باعث بن گئی، پرویز خٹک نے مشترکہ مفاداتی کونسل کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا تھا ‘ وزیراعظم کی مصروفیات اور پرویز خٹک کے مبینہ انکار کے باعث مشترکہ مفاداتی کونسل کا (آج) پیر کو ہونے والا اجلاس تیسری بار ملتوی کیا گیا، مشترکہ مفاداتی کونسل کا اجلاس اب یکم اکتوبر کو ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق مشترکہ مفاداتی کونسل کے اجلاس کا انعقاد وزارت بین الصوبائی رابطہ کےلءچیلنج بن گیا، آئین کے تحت مشترکہ مفاداتی کونسل کا اجلاس کسی صوبہ کے وزیر اعلیٰ کی عدم شرکت کی وجہ سے منعقد نہیں ہو سکتا اور اس آئینی حق کو خیبرپختونخواہ کے وزیر اعلیٰ بھرپور استعمال کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) حکومت کے خلاف تحریک انصاف کی جاری تحریک کی وجہ سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک بھی وزیر اعظم نواز شریف سے ناراض ہیں اور اسی ناراضگی کی وجہ سے وہ اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے، جس کی وجہ سے مسلسل تیسری بار مشترکہ مفاداتی کونسل کے اجلاس کی تاریخوں میں ردوبدل کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مردم شماری کے انعقاد سمیت دیگر محکمانہ معاملات کے حوالے سے بلائے جانے والے اجلاس پہلے 17ستمبر کو ہونا تھا پھر اس کی تاریخ بظاہر22ستمبر کو دی گئی لیکن اب ایک بار پھر اس اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے اور اب یہ اجلاس یکم اکتوبر کو ہو گا۔

مزید :

صفحہ اول -