جاوید ہاشمی کے استعفیٰ سے خالی نشست این اے 149سے امیدوارآج کاغذات نامزدگی جمع کرائینگے

جاوید ہاشمی کے استعفیٰ سے خالی نشست این اے 149سے امیدوارآج کاغذات نامزدگی جمع ...

  

ملتان (آئی این پی) تحریک انصاف کے منحرف صدر مخدوم جاوید ہاشمی کے استعفے سے خالی ملتان کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 149 میں ضمنی انتخاب کیلئے (آج) پیر کو امیدواروں سے کاغذات نامزدگی کی وصولی شروع ہوگی جو (کل) منگل تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے اس حلقہ میں 16 اکتوبر کو پولنگ سمیت دیگر مراحل کا شیڈول جاری کیا تھا۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 اور 25 ستمبر کو ہوگی۔ 30 ستمبر کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی‘ امیدواروں کی حتمی فہرست یکم اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔ جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے اختلافات کے بعد ان سے اپنی سیاسی راہیں جدا کرلی تھیں اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کے دوران اپنا استعفیٰ دیدیا تھا جسے سپیکر نے اسی روز منظور کرلیا تھا۔ جاوید ہاشمی اس حلقے سے انتخاب لڑنے کا واضح اشارہ دے چکے ہیں ۔ سیاسی حلقوں کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی طرف سے جاوید ہاشمی کوعمران خان سے اپنی راہیں جدا کرنے سے پہلے ہی یہ یقین دہانی کرادی گئی تھی کہ ان کے مقابلے میں دونوں جماعتیں اپنا امیدوار کھڑا نہیں کریں گی۔ تحریک انصاف کی طرف سے بھی ابھی واضح اعلان سامنے نہیں آیا۔ تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین اور جاوید ہاشمی کے روایتی حریف مخدوم شاہ محمود کی طرف سے اس حلقے سے ان کے بیٹے زین قریشی کے انتخاب میں حصہ لینے کی تردید کی گئی تھی۔

مزید :

صفحہ اول -