شریف برادران کو قادری فوبیاہوگیا، استعفے کے بغیر کوئی آپشن نہیں، بشارت جسپال
لاہور( پ ر ) عوامی تحریک پنجاب کے صدر چودھری بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ انقلاب اورآزادی مارچ حکمرانوں کی نفسیات پر سوار ہوچکے ہیں۔میاں نواز شریف اور شہباز شریف ڈاکٹر طاہرالقادری فوبیا کے شکار ہوچکے ہیں۔ وہ رات کو سوتے میں بھی خوف سے جاگ اٹھتے ہیں کہ ان کے اقتدار کا سورج غروب ہونے کو ہے۔ اور وہ جیل میں ہوں گے۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات عبدالحفیظ چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے بشارت جسپال نے کہا کہ حکومت کے تمام اقدامات کا مرکز قائد انقلاب کی ذات اور ان کے کارکن ہیں۔انہیں اب لندن پلان کی پٹی پڑھا دی گئی ہے۔ اور اس پر قوم کوبیوقوف بنانا چاہتے ہیں۔ مگر قوم اب جاگ چکی ہے۔ انہوںنے واضح کیا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں انقلاب ضرور آئے گا۔ چاہے حکومت جتنا بھی منفی پراپیگنڈہ کرلے۔قاتل حکمرانوں کو کامیابی نہیں ہوگی۔ان کا کہناتھاکہ انقلابی دھرنا وزیر اعظم کا استعفیٰ لئے بغیر ختم نہیں ہوگا۔پاکستان کے عوام پر مسلط حکومت اور اپوزیشن میںبیٹھے سیاستدان کرپٹ نظام کو بچانے کے لئے اکٹھے ہوگئے ہیں۔ مگر مسلم لیگ ن کی حکومت کوا ب کوئی نہیں بچا سکتا۔ حکمرانوں کو بوریا بستر لپیٹنا ہی ہوگا۔