مناواں، فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کا زخمی بھائی بھی دم توڑ گیا
لاہور(کرائم سیل ) مناواں کے علاقہ میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کا زخمی بھائی ہسپتال میں دم توڑ گیا ،پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیتے ہوئے پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوادیا ، جبکہ مقتولین کے ورثا کا مناواں پولیس کے خلاف رات گئے شدید احتجاج جی ٹی روڈ بلاک کر دی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات کو تین سگے بھائیوں فاروق ،شکور اور مقصود وغیرہ کا طارق مغل نامی شخص سے جھگڑا ہوا تھا جس پر طارق نے فائرنگ کرکے تینوں بھائیوں کو زخمی کردیا تھا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فاروق موقع پر دم توڑ گیا جبکہ شکور اور مقصود شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں گزشتہ روز مقصود بھی دم توڑ گیا۔پولیس نے مقتول کی نعش کو قبضہ میں لیتے ہوئے پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے میں بھجوادیا ۔دوسر ے بھائی کی موت کے بعد مقتولین کے ورثا اوراہل علاقہ نے تھانہ مناواں کے ساتھ یاد گار شہداء پر شدید احتجاج کیا اور جی ٹی روڈ بلاک کر دیا ۔لواحقین کا کہنا تھا کہ پولیس ہمیں انصاف دلانے میں ناکام ہو چکی ہے، تیسرے زخمی کی حالت بھی شدید تشویشناک ہے پولیس حکام واقعہ کا نوٹس لے کر ملزمان کے خلاف کارروائی کریں۔