لاری اڈہ، پولیس نے نو سر باز خطر ناک گینگ کی سر غنہ سمیت 7 لڑکیوں کو گرفتار کر لیا

لاری اڈہ، پولیس نے نو سر باز خطر ناک گینگ کی سر غنہ سمیت 7 لڑکیوں کو گرفتار کر ...

لاہور(کرائم سیل ) لاری اڈا کے علاقہ میں مسافروں سے نوسربازی کی بڑھتی ہوئی وار داتوں کے باعث شکایات موصول ہونے پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے لاری اڈا کے علاقہ سے سادہ لوح مسافروں کو نوسر بازی کے ذریعے لوٹنے والی خطر ناک گینگ کی 7لڑکیوں کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے مینار پاکستان کے قریب خوبرو لڑکیوں کو اپنے مخصوص انداز میں سادہ لوح مسافروں اور راہگیروں کو اشارے کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ،پولیس حراست میں موجود لڑکیوں میں 20سالہ صبا ،22سالہ روبینہ ،25سالہ شمائلہ ،20سالہ عالیہ ،26سالہ کرن ،23سالہ سونیا اور 30سالہ نائیکہ نسیم نے بتایا کہ وہ اس سے قبل باغ جناح میں متعدد افراد کو لوٹ چکی ہیں ،انتظامیہ کی سختی کے بعد مینار پاکستان کا رخ کیا ۔پولیس کے مطابق گرفتار لڑکیاں عادی مجرم اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جو پہلے بھی کئی مرتبہ گرفتار ہوئیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ لڑکیاں انتہائی خطر ناک ہیں جنہوں نے گینگ بنا رکھا ہے جن کی سرپرستی بااثر افراد کرتے ہیں جن کے باعث گرفتار ہونے کے اگلے ہی روز رہا ہوجاتی ہیں اور پھر اپنا مکرو دھندہ شروع کردیتی ہیں۔

 

مزید : علاقائی