سنٹرل ماڈل سکول کی بیسمنٹ میں آتشزدگی ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سامان جل گیا

سنٹرل ماڈل سکول کی بیسمنٹ میں آتشزدگی ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سامان جل ...
سنٹرل ماڈل سکول کی بیسمنٹ میں آتشزدگی ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سامان جل گیا

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لوئر مال کے علاقے میں واقع گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول کے تہہ خانے میں لگنے والی آگ پر مسلسل کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیاگیااورالیکشن کمیشن کا بیشترسامان محفوظ رہا، فائربریگیڈحکام کاکہناتھاکہ آگ چاروں طرف سے لگی جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کاسامنارہا جبکہ سکول سے بچوں کو چھٹی دیدی گئی ۔

ذرائع کے مطابق ریٹی گن روڈ پر واقع سکول کی بیسمنٹ میں الیکشن 2013ءکے ریکارڈ اور ووٹوں سمیت الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سامان موجود تھاجہاں آگ بھڑک اُٹھی تاہم ابتدائی طورپر آتشزدگی کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں ۔ بتایاگیاہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں الیکشن کمیشن کا زیادہ ترریکارڈ جلنے سے محفوظ رہا، جلنے والے سامان میں فارم ، بیلٹ باکس اور مہریں شامل تھیں ۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک کنال رقبے پر آتشزدگی محیط تھی ، ریسکیوآپریشن کی نگرانی سکول پرنسپل لیاقت علی کھرل کررہے ہیں جبکہ سکول سے بچوں کو چھٹی دے کر گھر بھیج دیاگیا ۔

قائم مقام الیکشن کمشنر نے بتایاکہ سکول کی بیسمنٹ میں غیرانتخابی مواد موجود تھا، الیکشن کمیشن پنجاب کی ٹیم آتشزدگی کے مقام پر پہنچ گئی ۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراورتحریک انصاف کے رہنماءمیاں محمود الرشید نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن والے بتائیں ، کیابچاہے اور کیاجلا؟ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے تاکہ نہ بچے بانس اور نہ بجے بانسری۔

سکول انتظامیہ کاکہناتھاکہ اُن کا تہہ خانے سے کوئی تعلق نہیں ، الیکشن کمیشن کاعملہ ہی دیکھ بھال کرتاتھا۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -