راولپنڈی نے لاہور کو شکست دے کر قومی انڈر 19 ون ڈے کپ کا ٹائٹل جیت لیا
اسلام آباد (اے پی پی) راولپنڈی نے قومی انڈر 19 ون ڈے کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، فیصلہ کن معرکے میں فاتح ٹیم نے لاہور کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا، راولپنڈی نے 209 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ذیشان ملک نے شاندار سنچری سکور کی اور مرد میدان قرار پائے۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور انتخاب عالم تھے جنہوں نے فاتح ٹیم اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تفصیلات کے مطابق جناح سٹیڈیم، گجرانوالہ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں لاہور انڈر 19 کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 208 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فہد 44 ، زریاب 38 ، سلمان 34 اور ولید 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ راولپنڈی کی جانب سے شاداب خان نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 39 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسماعیل، شارخ، عامر، ناصر اور فہد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں راولپنڈی انڈر 19 نے مطلوبہ ہدف ذیشان ملک کی شاندار سنچری کی بدولت 41.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ذیشان ملک نے 98 گیندوں پر 104 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، عمیر 40 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ لاہور کی جانب سے سلمان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اختتامی تقریب کے مہان خصوصی چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور انتخاب عالم تھے، راولپنڈی کے ذیشان ملک کو میچ اور بہترین بلے باز کا ایوارڈ دیا گیا۔ راولپنڈی کے شاداب خان بہترین باؤلر اور عمیر مسعود بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔ راولپنڈی ریجن کے ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے شاندار فتح پر ٹیم کو مبارک باد دی اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ذیشان ملک اور شاداب خان سمیت تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت فتح نصیب ہوئی۔