بریڈ ہیڈن دورہ بنگلہ دیش کیلئے منتخب ہونے والے پیٹر نیول کی کوچنگ کریں گے
سڈنی (اے این این )حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے بریڈ ہیڈن دورہ بنگلہ دیش کے لئے منتخب ہونے والے پیٹر نیول کی کوچنگ کریں گے ۔پیٹر نیول کو بریڈ ہیڈن کی جگہ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔اس سے قبل وہ انگلینڈ کے خلاف کھیل جانے والی ایشز سیریز کیلئے بھی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے ۔انہیں اس سیریز کے درمیان میں بریڈ ہیڈن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن اس سیریزمیں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس حوالے سے پیٹر نیول کا کہناہے کہ وہ اگلے ہفتے سے دورہ بنگلہ دیش کے لئے تیاری شروع کریں گے اور بریڈ ہیڈن کے ساتھ وقت گزاریں گے۔
انہوں نے کہاکہ انہیں پوری امید ہے کہ ہیڈن کی رہنمائی سے ان کی کارکردگی میں واضح تبدیلی آئے گی اور وہ دورہ بنگلہ دیش کے دوران بہترین کارکردگی دکھا سکیں گے۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 9 اکتوبر سے شروع ہوگا۔