ریلوے کرایوں میں کمی، بسوں والوں کی لوٹ مار !

ریلوے کرایوں میں کمی، بسوں والوں کی لوٹ مار !

  



عیدالفطر کی طرح عیدالاضحی کے موقع پر بھی ریلوے کے کرایوں میں کمی کی گئی اور یہ پچیس فی صد رعایت ہے۔ جو ماسوا گرین لائن ٹرین کے باقی تمام گاڑیوں کے لئے ہے۔ اس سلسلے میں ایک بار پھر9 خصوصی ٹرینیں بھی چلائی جارہی ہیں جو پردیسیوں کو ان کے گھروں تک لانے اور پھر واپس لے جانے کی خدمات ادا کریں گی۔ ریلوے کی اس رعایت سے شہریوں کی بھاری تعداد مستفید ہوگی اور اس سے ریلوے کو بھی فائدہ ہوگا کہ ریل کا سفر زیادہ ہوگا،تو آمدنی بھی اضافی ہوگی ۔ایک طرف یہ صورت حال ہے تو دوسری طرف نجی ٹرانسپورٹ والوں نے لوٹ مچا دی ہے اور جو حضرات اپنے اپنے آبائی گھروں کو جارہے ہیں بس والے ان سے 35سے 50فی صد تک زیادہ کرایہ مانگ اور لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سخت ہدایات جاری کی ہوئی ہیں لیکن اثرات مرتب نہیں ہوئے۔ اب ڈی سی او لاہور نے کہا ہے کہ زیادہ کرایہ لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ابھی تک تو ایسا نہیں ہوا عیدین کے موقع پر تہوار اپنے اپنے آبائی شہر میں کرنے کا رجحان پرانا ہے اور ہرسال پاکستانی شہری عیدین کی چھٹیوں میں سفر کرتے ہیں۔ ریلوے کی کارکردگی بہتر ہونے کی وجہ سے اب عیدالاضحیٰ کے موقع پر 25فی صد رعایت دی گئی ہے۔ پاکستان کے شہری مظلوم ترین ہیں کہ ان کو ہرکوئی لوٹنے کی فکر میں رہتا ہے۔ سبزیوں اور فروٹ کے دام بڑھ گئے اور بڑھتے ہی جارہے ہیں، ضلعی انتظامیہ حالات پر قابو پانے میں قطعی بے بس ہوگئی ہے اور شہری لٹتے چلے جارہے ہیں۔ ٹرین کا سفر کرنے والے کرایوں کے حوالے سے کچھ رعایت لے لیتے ہیں اور پھر اب گاڑیوں کی آمدورفت بھی بہتر ہوگئی ہے لیکن اس کا اثر ان بسوں والوں پر نہیں ہوتا کیونکہ ان پر سفر کرنے والے مختلف روٹوں کے ہوتے ہیں۔ ڈی سی اولاہور کی طرف سے خبردار تو کیا گیا اور کارروائی کا بھی اعلان کردیا گیالیکن عملی طورپر کچھ نہیں ہوا، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کو نوٹس لینا ہوگا ۔

مزید : اداریہ


loading...