شوکت خانم ہسپتال کی جانب سے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی مہم کا آغاز

شوکت خانم ہسپتال کی جانب سے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی مہم کا آغاز

  



لاہور(پ ر)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال پچھلے سالوں کی طرح اس سال بھی عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی مہم کا آغاز کر رہا ہے۔ہسپتال نے اس مرتبہ اس مہم کا دائرہ کار لاہور سے باہرپاکستان کے دیگر20بڑے شہروں خصوصاً کراچی ،پشاور، راولپنڈی ،فیصل آباد اور ملتان تک بھی پھیلا دیا ہے جہاں قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کا باقاعدہ اہتمام کیا جائے گا ۔ ہمیشہ کی طرح اس برس بھی کھالیں اکٹھی کرنے کے لئے لاتعداد رضاکار اور ہسپتال کا عملہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے ۔اس موقع پر ہسپتال میں ایک خصوصی کال سنٹر قائم کیا جارہاہے اور بذریعہ فون080011555پر اطلاع دینے پرسٹاف اور رضاکار قربانی کی کھالیں لوگوں کے گھروں سے بھی اکٹھی کریں گے۔مزید یہ کہ ہسپتال اس سال بھی آن لائن قربانی کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ قربانی کی کھالوں سے حاصل ہونے والی آمدنی ہسپتال میں مستحق مریضوں کے علاج پر خرچ کی جاتی ہے۔ اس وقت ہسپتال میں زیرِ علاج کینسر کے تقریباً75فیصدمریضوں کا علاج مفت ہو رہا ہے۔ ہسپتا ل انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کھال عطیہ کرنے کیلئے وقت کی اہمیت کو ملحوظ خاطر رکھیں اور جلد از جلد کھالیں ہمارے قریبی کیمپ تک پہنچائیں کیونکہ گرمی کی شدت سے کھال کے خراب ہونے کا خطرہ ہوتا ہے اور بغیر مناسب اقدامات کے کھال کی قیمت ہر ایک گھنٹہ گزرنے پر 10فیصد تک کم ہوجاتی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ امید کرتی ہے کہ اس عظیم مشن کو جاری رکھنے کے لئے عوام قربانی کے جانوروں کی کھالیں پہلے کی طرح ا س سا ل بھی شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کو دیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کا مفت علاج ہوسکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...