11اکتوبر کو خواتین عمران خان کا ہراول دستہ ثابت ہو نگی،مسز پروین سرور
لاہور ( لیڈی رپورٹر)این اے122اور پی پی147کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے ویمن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواتین رہنماؤں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح 11اکتوبر کو بھی خواتین عمران خان کا ہر آول دستہ ثابت ہونگی اور پار ٹی اُمیدواروں عبدالعلیم خان اور محمد شعیب صدیقی کو بھاری اکثر یت سے کامیابی دلائیں گی ۔مسز پروین سرور ،کرن علیم ،ایم پی اے سعدیہ سہیل ، سعدیہ شعیب اور دیگر مقررین نے کہا کہ نواز لیگ نے عوام کو مایو سی کے علاوہ کچھ نہیں دیا، آج حکومت کی ناکام پالیسیوں کے باعث ہر گھر کا چولہا ٹھنڈا پڑا ہے ، چاروں طرف بے روزگاری اور بد امنی کے ڈیرے ہیں اور گذشتہ اڑھائی برسوں میں مرکز اور پنجاب میں ایک حکومت ہونے کے باوجود این اے122اور پی پی147 سب سے زیادہ نظر انداز ہونے والے حلقے ہیں
پی ٹی آئی کے مقررین نے کہا عبدالعلیم خان نے ماضی میں بھی اس علاقے کی بہتری کیلئے شاندار کام کیا تھااور انشاء اللہ 11اکتوبر کی کامیابی کے بعد دوبارہ سفر وہیں سے شروع کرینگے اور بالخصوص میاں میر ہسپتال کو فنکشنل کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے اس موقع پر تحریک انصاف کی لیڈیز ورکرز نے زبردست نعرے بازی کی اور" گو نواز گو "کے علاوہ کون بچائے گا پاکستان عمران خان کے نعرے لگاتی رہیں ۔