امریکہ تارکینِ وطن کے کوٹے میں اضافہ کرے گا ٗ جان کیری

امریکہ تارکینِ وطن کے کوٹے میں اضافہ کرے گا ٗ جان کیری

  



واشنگٹن (این این آئی)امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے اعلان کیا ہے کہ 2017ء سے امریکہ ہر سال ایک لاکھ تارکینِ وطن کو پناہ دے گا۔ برلن میں اپنے جرمن ہم منصب فرینک والٹر اسٹین میئر کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اوباما انتظامیہ اس تعداد میں مزید اضافے کی خواہش مند ہے تاہم اس مقصد کیلئے اسے کانگریس کا تعاون اور اس کی جانب سے مزید بجٹ کی منظوری درکار ہوگی۔امریکہ فی الحال ہر سال زیادہ سے زیادہ 70 ہزار پناہ گزینوں کو ویزے جاری کرسکتا ہے جسے آئندہ دو برسوں کے دوران بتدریج ایک لاکھ تک بڑھایا جائے گا۔

مجوزہ منصوبے کے تحت اوباما انتظامیہ مالی سال 2016ء میں 85 ہزار تارکینِ وطن کو قبول کرے گی جسے اگلے سال ایک لاکھ تک بڑھا دیا جائیگا۔جان کیری نے مزید پناہ گزین قبول کرنے کے اوباما انتظامیہ کے فیصلے کو امریکہ کی شاندار روایات کا تسلسل اور امریکہ کے امید کی کرن اور مواقع کی سرزمین ہونے کے تاثر کے عین مطابق قرار دیا۔جان کیری نے یہ نہیں بتایا کہ پناہ گزینوں کی اس اضافی تعداد میں سے شام کے تارکینِ وطن کیلئے کتنا کوٹہ مختص کیا گیا تاہم انہوں نے کہا کہ امریکہ شام میں ساڑھے چار سال سے جاری خانہ جنگی سے بچ کر بیرونِ ملک فرار ہونے والے مہاجرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔جان کیری نے صحافیوں کوبتایا کہ وہ رواں ہفتے نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی عالمی رہنماؤں کے ساتھ شام کے تنازع اور اس کے سیاسی حل کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے۔جان کیری نے کہا کہ شام کے مسئلے پر گفتگو کیلئے نیویارک میں ان کی روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف اور ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے ساتھ ملاقاتیں طے ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کا اجلاس شام کے مسئلے کے حل کی سفارتی کوششوں کو تیز کرنے اور اس ضمن میں رابطے بڑھانے کا ایک اچھا موقع ہے جس کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔

مزید : عالمی منظر