وادی کے مسلمانوں کی اقتصادی ناکہ بندی کے بھیانک نتائج نکلیں گے،علی گیلانی

وادی کے مسلمانوں کی اقتصادی ناکہ بندی کے بھیانک نتائج نکلیں گے،علی گیلانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئر مین سیدعلی گیلانی نے ویشوہندو پریشد کی دھمکی کوانسان کش قراردیتے ہوئے خبردارکیا کہ اقتصادی ناکہ بندی کے بھیانک نتائج نکلیں گے۔علی گیلانی نے کہا کہ جموں کشمیر کے باقی دنیا کے ساتھ جو فطری راستے ہیں ان پر فوج قابض ہے اور ان پر آزادانہ آمدرفت ممکن نہیں ہے۔ اب فرقہ پرست قوتیں اس عارضی راستے کو بھی بند کرنا چاہتی ہیں، جو بھارت سے کشمیر کی طرف آتا ہے۔ بھارت کے فوجی قبضے کی وجہ سے کشمیر کی ساری تجارت اور آمدرفت کی یہ واحد سبیل ہے، جس کی فرقہ پرست ناکہ بندی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ناکہ بندی کی وجہ سے کشمیر میں انسانی آبادی زبردست خطرات سے دوچار ہوجائے گی اور یہ خطہ اشیائے خوردونی اور ادویات کی قلت کا شکار ہوجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے پالیسی سازوں اور ان کی ہمنوا فرقہ پرست جماعتوں کو کشمیریوں کے جینے مرنے سے کوئی مطلب نہیں ہے، وہ صرف یہاں کی زمین کے ساتھ دلچسپی رکھتے ہیں۔
جس پر ا پنا جبری قبضہ ہر صورت میں برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ حریت چیئرمین نے البتہ خبردار کیا کہ فرقہ پرست جماعتوں نے ناکہ بندی کرنے جیسی حماقت کی تو اس کے خلاف ایک عوامی تحریک شروع کی جائے گی اور لوگ سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے اور عالمی برادری کو جموں کشمیر کی سنگین صورتحال سے باخبر کیا جائے گا۔گیلانی نے کہا کہ جب سے ریاست میں بی جے پی کی حمایت والی حکومت بنی ہے یہاں کے مسلمانوں کے خلاف سازشوں کا ایک جال بچھایا جارہا ہے اور انہیں ہر ممکن طریقے سے تنگ اور ہراساں کرنے کی کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -